راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بی بی سی اردو پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برطرفی کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے “بی بی سی اردو کی آج شائع ہونے والی خبر سراسر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔اس عام پروپیگنڈا خبر میں کسی معتبر، مستند اور متعلقہ ذرائع کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ، یہ بنیادی صحافتی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے۔اس جعلی خبر میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور یہ واضح طور پر ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ لگتی ہے۔” آئی ایس پی آر کی جانب سے اس خبر کا معاملہ بی بی سی حکام کے
ساتھ اٹھانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ بی بی سی نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا تھا وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو برطرف کردیا تھا تاہم وزارت دفاع کی جانب سے بروقت اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا تھا،” ایک طرف پارلیمنٹ میں اجلاس جاری تھا اور دوسری جانب ایک ہیلی کاپٹر میں دو اعلیٰ عہدیدار وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں ان کی عمران خان سے ملاقات ہوئی، جو کچھ خوشگوار نہیں تھی۔ اگر عمران خان یہ نوٹیفکیشن جاری کر بھی دیتے تو اسے کالعدم قرار دلوانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جاچکا تھا۔”