سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کو بحال کیے جانے کے فیصلے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے نے پاکستان کے مستقبل اور آئین کو محفوظ کیا ، عدالت عظمٰی نے ماضی کے تمام نظریہ ضرورت کو دفن کردیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ انصاف، آئین اور قانون کی جیت ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کسی فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ پاکستان کے آئین کی جیت ہوئی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سےگزارش ہے بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات چند دن کیلئے مؤخرکردیں، عمران کے سارے سرپرائز جعلی نکلے، اب کسی جعلسازی کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر کے خلاف مواخذہ سمیت تمام اقدامات پر مل کر فیصلے کریں گے، ان سے پوچھیں جو کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ منہگا ہوگا تو وزیراعظم کرپٹ ہوگا، عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا ڈپٹی اسپیکر کا فیصلہ غیر آئینی ہے، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ خود بول رہا ہے، مزید گنجائش نہیں رہی، ہم مل کر انتخابی اصلاحات لائیں گے۔
متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا ہے جبکہ قانونی ماہرین اور سیاسی قائدین کا بھی کہنا ہے کہ یہ کسی فرد یا جماعت کی نہیں ، بلکہ پاکستان کے آئین کی جیت ہے۔