لاہور : مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے حوالے سے قانونی ماہرین سے رابطے کئے اور ارکان کو لاہور میں ہی رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کا امکان ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ن لیگ نے قانونی ماہرین سے رابطے کئے۔
ن لیگی قائدین کا مؤقف میں کہنا ہے کہ بطور نگران وزیراعلیٰ عثمان بزدار اسمبلی نہیں توڑ سکتے۔
ذرائع نے کہا کہ کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو لاہور میں ہی رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اجلاس کا ایجنڈا صرف عدم اعتماد کی تحریک تھی، ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس بغیر کسی وجہ کے ملتوی کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا حکومت سے پنجاب اسمبلی تحلیل سمیت ہر قسم کے اقدام کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے چوہدری سرور کو علیم خان گروپ کو سپورٹ کرنے کی اطلاعات پر عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔
بعد ازاں صدر مملکت نے آج اتوار کو آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری کے ساتھ ساتھ عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری بھی دے دی تھی۔