اسلام آباد: قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان جو کرنے جا رہے ہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان قوم کو تقسیم کرنے کی بھیانک سازش کر رہے ہیں لیکن ہماری عدم اعتماد پر حکمت عملی کل کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آئین سے تکرار لے رہا ہے اور ایک بار پھر عمران نیازی کو کہنا چاہتا ہوں کہ یہ راستہ آئین و قانون کے خلاف ہے۔ عمران خان کل کے فیصلے کو سبوتاژ کرنے کے لیے جو کر رہے ہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام ادارے قانون اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے تمام اقدامات اٹھائیں اور تمام اداروں کا فرض ہے کہ وہ تمام اقدامات اٹھائیں جس سے اراکین پارلیمان میں داخل ہوں۔ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ تمام اراکین کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس سمیت جن کا بھی کام ہے وہ امن قائم رکھیں اور تمام اراکین کی پارلیمنٹ تک رسائی اور ووٹ کاسٹ کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ امید ہے پرامن ماحول ہو گا اور عمران خان کو تھوک کر چاٹنا ہو گا۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ میں نے کل بھکاریوں سے متعلق جو بیان دیا تھا وہ پہلی بار نہیں تھا اور یہ بات میں پہلے بھی بیسیوں بار کہہ چکا ہوں لیکن بعض کرم فرماؤں نے اس بیان کو ایک ٹوئسٹ دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے عمران نیازی کی بے ہنگم باتوں سے کوئی سروکار نہیں اور میں دہائیوں سے کہہ رہا ہوں کہ کسی بھی قوم کی آزادی کوئی معنی نہیں رکھتی جو معاشی طور پر آزاد نہ ہو اور ہمیشہ کہا کہ اگر خودمختاری اور آزادی چاہیے تو وہ خود انحصاری کے بغیر ممکن نہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم بدقسمتی سے معاشی حالات میں آزاد نہیں اور ہم نے قرضے لیے لیکن اگر عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنا ہے تو کشکول کو توڑنا ہو گا لیکن یہ کوئی آسان کام نہیں ہمیں مل کر محنت کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ دوئم میں جاپان اور جرمنی تباہ ہو گئے مگر انہوں نے دن رات محنت کی۔ 2011 میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں پنجاب حکومت نے یو ایس ایڈ سے معذرت کر لی تھی جبکہ عمران خان نے قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین غربت دی۔