پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الٰہی کے حکومتی پیشکش قبول کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع ق لیگ کے مطابق چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر چوہدری فیملی کا اہم بند کمرہ اجلاس جاری ہے۔
ذرائع ق لیگ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری سالک حسین، مونس
الٰہی شامل ہیں۔
ذرائع ق لیگ بتاتے ہیں کہ شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الٰہی کے حکومتی پیشکش قبول کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد چوہدری برادران کا فیصلہ کیا ہو گا، کچھ دیر میں سب سامنے آ جائے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کرے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا۔
اس کے بعد مونس الٰہی نے تصدیق کی اور کہا کہ حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ نامزد کردیا ہے اور پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب بننےکی وزیراعظم کی آفر قبول کرلی ہے۔
دوسری جانب ق لیگ کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے وزرات سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ ان کی جانب سے استعفیٰ چوہدری شجاعت حسین کی منظوری کے بعد دیا گیا۔