احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کا ٹرمپ قرار دے دیا

احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کا ٹرمپ قرار دے دیا

اسلام آباد : نون لیگی رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کا ٹرمپ قرار دے دیا اور کہا ان کا انجام بھی ٹرمپ جیسا ہونے والا ہے، یہ بھی برطرف ہونے والے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک ہی پتہ ہے وہ تحریک عدم اعتماد کا پتہ ہے، 172 ووٹوں کا پتہ ہے، جو ان کے ہاتھ میں نہیں ہے، اِکی دُکی کے پتے کو کنگ اور کوئن بنا کر پیش کررہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے ٹرمپ ہیں، ان کا انجام بھی ٹرمپ والا ہونے والا ہے، یہ بھی عدم اعتمادکی تحریک کے نتیجے میں برطرف ہوں گے۔

انھوں نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ ہمت ہے تو کل کے اجلاس کے بعد 24 یا 72 گھنٹے میں عدم اعتماد پرووٹنگ کرالیں ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، تین دن کا آئین میں لکھا ہے کہ ووٹنگ کرائی جاتی ہے۔

سپریم کورٹ کی سماعت کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا کہ اگر حکومت کا موقف درست تسلیم کرلیا جائے تو آرٹیکل 95 کو خارج کرنا پڑے گا ، کوئی بھی وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لے لے گا تو پانچ سال کے لیے بادشاہ بن جائےگا کیونکہ کوئی خلاف ووٹ نہیں دے سکے گا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نظام عدل میں ایک وزیراعظم کو اس لیے نااہل کیا کیونکہ اس کے بیٹے سے تنخواہ وصول نہیں کی ، ہر بیٹے کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ وہ اپنے باپ کو پیسے دے سکتا ہے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان عمر بل معروف کے زریعے مذہب کارڈ کھیل رہے ہیں ، عمر بل معروف نہیں کہتا کہ بھارت کے کسیدے پڑھو۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بیرون ملک سے دیے گئے تحفوں کو بیچا ،اب جب پارٹی کے اراکین تنقید کر رہے ہیں تو وہ ضمیر کے چیمپیئن بن گئے ہیں، مسلم لیگ ن کے ایم این ائز کو توڑ کر اب ضمیر فروشی کی باتیں جرتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا عمران خان اور اپوزیشن کے درمیان ایک سیاسی جھگڑا ہے جس میں عمران خان سپریم کورٹ کو فریق بنا رہے ، عمران خان سپریم کورٹ کو متنازع بنانا چاہتے ہیں ، آئین اور قانون واضح ہے! سپریم کورٹ کو اس مسلے پر نہیں ڈھکیلنا چاہیے ، تاحیات ووٹ نااہلی عمران خان کا بلیک میلنگ پر مبنی ہتھکنڈا ہے۔