لندن کے مرکزی علاقے میں ایک ایسا گھر جس کو آپ دیکھ سکتے ہیں لیکن محسوس نہیں کرسکتے کیونکہ دیکھنے میں یہ دیوہیکل آئینہ لگتا ہے۔
عجائبات کی اس دنیا میں کمی نہیں کچھ قدرتی عجائبات ہیں تو کچھ عجائبات لوگوں کی ذہنی اختراع سے وجود پاتے ہیں جیسا کہ لندن میں یہ گھر جو گھر نہیں بلکہ سڑک پر نصب دیوہیکل آئینہ لگتا ہے اور جسے دیکھ کر بھی آپ اسے گھر محسوس نہیں کرسکتے۔
لندن کے مرکزی علاقے میں یہ غیر مرئی گھر انسانی ہاتھوں سے بنا ایک ایسا عجوبہ ہے جس کے سامنے سے گزرتے ہوئے آپ کو اپنا عکس اور اپنے اطراف کے مناظر ہی نظر آئیں گے کیونکہ اس گھر میں بڑے عکسی پینلز لگائے گئے ہیں۔
مذکورہ دلچسپ گھر آرکیٹیکٹ آرٹسٹ ایلکس ہاو کی ذہنی تخلیق ہے جس کو انہوں نے 2015 میں دوبارہ ڈیزائن کیا ہے اور اس گھر کے مکین جو اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتے 2019 سے اس گھر میں مقیم ہیں۔ گھر کے عقبی حصے کی تعمیر میں وکٹورین کوچ ہاؤس کے اصل فن تعمیر کو برقرار رکھا گیا ہے۔
گھر کے مالکان نے بتایا کہ گھر کے اس اچھوتے ڈیزائن کا خیال ہمارے ڈیزائنر ایلکس ہاو کو آیا کہ ایسا آئینہ گھر جو اس کے مکینوں کو ماحول سے بات کرنے والا بنادے گا۔ آپ گھر کے اندر کھڑے ہوکر گول دائرے میں گھومیں تو آپ کو کنکریٹ کی دیواریں نہیں بلکہ فطرت کے مناظر درخت اور بادل نظر آئیں اور ہمیں ان کا یہ آئیڈیا بہت پسند آیا۔
گھر کے مالکان نے بھی تصدیق کہ ہے کہ باہر والے اندر نہیں دیکھ سکتے ہیں لیکن وہ باہر کی ہر چیز دیکھ سکتے ہیں، مالکان کے مطابق کئی بار وہ گھر کے باہر سے گزرنے والے لوگوں کو اپنے بال یا حلیہ درست کرتے دیکھ کر محظوظ ہوئے ہیں۔
گھر کے پورے نقشے پر محیط یہ آئینہ یکطرفہ ہے یعنی آپ اس میں سے اندر نہیں جھانک سکتے ہیں لیکن گھر کے مقیم باہر کے ہر منظر سے آگاہ رہتے ہیں اور بعض اوقات یہ لمحات انتہائی دلچسپ بن جاتے ہیں جیسا کہ ایک شخص کے ساتھ ہوا۔
اس انہونے غیر مرئی گھر کی جب سوشل میڈیا پر آمد ہوئی تو کسی نے اپنے دلچسپ تجربے سے صارفین کو روشناس کرایا تو کسی نے دلچسپ تبصرے کیے
ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنا دلچسپ تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں اس غیر مرئی گھر کے قریب سے گزرا تو اس حیرت انگیز گھر کے ساتھ سیلفی لینا چاہی اس کیلیے میں اس گھر کے قریب گیا اور عجیب وغریب گھر کو دیکھتے ہوئے یہ سوچ ہی رہا تھا کہ کیا میں اس کے ساتھ سیلفی لے سکتا ہوں یا اندر موجود گھر کے مالکان مجھے یہ کرتے دیکھ تو نہیں رہے کہ اندر سے مالک مکان کی آواز آئی کہ اپنے آپ کو چیک کرنا بند کرو، میں آئینہ نہیں ہوں۔
ایک صارف نے لکھا اس گھر کو صاف رکھنے کیلیے صحیح درد ہونا چاہیے جب کہ ایک نے لکھا مجھے یہ پسند ہے اور یہ بہت ہی نرالا ہے۔
اسی طرح ایک صارف نے کہا کہ بہت سارے پرندے اسے بھی مار رہے ہونگے۔