لاہور: مسلم لیگ (ن) نے لانگ مارچ دو روز کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
لانگ مارچ کو دو روز کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا ہے۔ لانگ مارچ اب 26 کو روانہ ہو کر 27 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔
اس سے قبل لانگ مارچ کا شیڈول طے کیا گیا تھا کہ 24 مارچ کو حمزہ شہباز اور مریم نواز کی قیادت میں کارواں لاہور سے روانہ ہوگا۔ کارواں رات گوجرانوالہ میں قیام کے بعد 25 مارچ کو گوجرانوالہ سے جہلم پہنچے گا اور جہلم میں قیام کے بعد 26 مارچ کو راولپنڈی پہنچے گا۔
27 مارچ کو حمزہ شہباز اور مریم نواز کی قیادت میں کارواں اسلام آباد روانہ ہوگا اور مسلم لیگ (ن) کے کارواں کا 2 یا اس سے زیادہ دن اسلام آباد میں قیام کا امکان ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے بھی 27 مارچ کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک پر بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں 10 لاکھ لوگوں کی شرکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔