اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب، مارچ اور فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب، مارچ اور فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مناسبت سے شاندار پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں او آئی سی وزرائے خارجہ اور چین کے وزیر خارجہ بھی شریک ہوئے۔ 

اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ یوم پاکستان کی  مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں مسلح افواج کے آرمڈ کور، ائیر ڈیفنس اور دیگر  دستوں نے مارچ پریڈ و فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

اس کے علاوہ پریڈ کے دوران میزائل، ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کر کے دشمن کے دل پر ہیبت طاری کی۔

یوم پاکستان پریڈ کے دوران آذربائیجان، ترکی، بحرین اور سعودی دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

اس سال یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ کا تھیم ‘شاد رہے پاکستان’ رکھا گیا جو قومی ترانے کے جملے مرکز یقین شاد باد

سے لیا گیا ہے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کوپریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اور  او آئی سی کے فلوٹ کو یوم پاکستان کی پریڈ میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا۔ اس کے علاوہ چین کے وزیر خارجہ نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر شرکت کی جو دونوں ممالک کی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل اجمل خان نیازی اور  ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ 

صدر اسلامی جمہوریہ ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزراء بھی مرکزی پریڈ دیکھنے کے لیے موجود رہے۔

پریڈ کے اختتام پر صدر مملکت اور آرمی چیف نے پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دینے والے افراد سے مصافحہ کیا اور ان کے عزم و ہمت کو سراہا۔