اسلام آباد: اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے قومی اسمبلی اجلاس کے پہلے روز شو آف پاور کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن نے اپنے تمام اراکین قومی اسمبلی کو اجلاس کے پہلے روز شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اپوزیشن کا کہنا ہے کہ حکومت تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے ہر حربہ استعمال کر سکتی ہے، حکومت کی جانب سے اجلاس کے پہلے روز قوائد میں ترمیم کا خدشہ ہے، حکومت کو کسی محاذ پر من مانی کا موقع نہیں دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق ایم این ایز کو اجلاس کے پہلے سے آخری روز تک حاضری یقینی بنانے کی ہدایتکی گئی ہے۔ اپوزیشن ایم این ایز اجلاس کے تمام سیشنز میں ایوان میں موجود رہیں گے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اجلاس میں صرف مرحوم رکن اسمبلی کے لیے فاتحہ خوانی ہوگی۔اس کے بعد اجلاس 25 مارچ تک ملتوی کر دیا جائے گا۔
25 مارچ کے بعد تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کا آغاز ہوگا اور ایک ہفتے کے اندر یہ پراسس مکمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ووٹ ڈالنے سے قبل کسی رکن کے خلاف کارروائی ممکن نہیں، پارٹی پالیسی کے برعکس ووٹ ڈالنے والا انحراف کی شق کی زد میں آئے گا، عدم اعتماد یا آئینی ترمیم پر پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والا ڈی سیٹ ہوگا۔