وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جیسے جیسے عدم اعتماد پر ووٹ کا وقت قریب آئیگا پی ٹی آئی سے خفا سب لوگ واپس آجائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضمیر فروشوں کیخلاف قوم کا غصہ دیکھ رہا ہوں اور پیشگوئی کرتا ہوں کہ جیسے جیسے عدم اعتماد پر ووٹ کا وقت قریب آئیگا ویسے ویسے پی ٹی آئی سے خفا سب لوگ واپس آجائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بہت زبردست کام ہوگیا تو تحریک عدم اعتماد آگئی، آج ملک میں ضمیر خریدنے کیلیے کھلے عام منڈی لگی ہوئی ہے، رات کے اندھیرے میں پولیس کسٹڈی میں ضمیر خریدے جارہے ہیں یہ سب سندھ حکومت کے پیسے سے ہورہا ہے جو کہ عوام کا پیسہ ہے، کسی کو شرم نہیں ہے اس کو جمہوریت نہیں کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں چوری اور دھوکا دہی کے بارے میں واضح حکم دیا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب قوم دیکھ رہی ہے کہ پیسے لے کر لوگ ضمیر کا سودا کررہے ہیں، کرپٹ لوگ پیسے دیکر حکومت گرانے کی کوشش کررہے ہیں تو عوام پر فرض ہوجاتا ہے کہ چوری کے پیسوں سے حکومت گرانے والوں کیخلاف آواز بلند کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں پتہ چل جائیگا کہ عوام کس کے پاس ہیں۔
وزیراعظم کا گزشتہ روز سندھ ہاؤس پر ہونے والے واقعے پر کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس کے باہر ہمارے لوگ جذبات میں آگئے۔
عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ضمیر فروشوں کیخلاف پرامن احتجاج کریں لیکن تصادم کا راستہ اختیار نہ کیا جائے۔