مولانا فضل الرحمان کا 23مارچ کو لانگ مارچ کرنےکا اعلان

مولانا فضل الرحمان کا 23مارچ کو لانگ مارچ کرنےکا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے 23مارچ کو لانگ مارچ کرنےکا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر سے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب رخ کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے قائدین کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 23 مارچ کو اعلان کردہ لانگ مارچ کا آغاز ہو جائے گا ملک بھر سےکارکنان اسلام آباد کیلئے روانہ ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ کے سامنے بھرپور پاور شو کریں گے اور تاریخی اجتماع منعقد کر کے پی ڈی ایم اور پی پی سمیت اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دیں گے، امید ہے یہ سب ہمارے ساتھ ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کی پیش کردہ عدم اعتمادتحریک قومی امنگوں کی امین ہے وزیراعظم اور ان کی حکومت آئین شکنی اور فساد کی راہ اپناچکی ہے ارکان کو اسمبلی میں آنےسے روکنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں فساد پیدا کرنے کیلئے ڈی چوک پر جلسےکا اعلان کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا پورے ملک سے بیک وقت آغاز ہو گا لانگ مارچ سےمتعلق اسٹریٹیجی گزشتہ مارچوں سےمختلف ہوگی لانگ مارچ کب تک جاری رہےگا اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم بہت کچھ کرنےجا رہے ہیں انہیں چھٹی کا دودھ یاد دلا دیں گے ہمیں بہت دھمکیاں دی گئی ہیں اب ڈنڈے کا جواب ڈنڈے سے دیں گے حکومت کیلئے پانی اب سر سے گزر چکا ہے۔