لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات، نتائج جاری

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات، نتائج جاری

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات، صدارتی سیٹ پر عاصمہ جہانگیر گروپ نے میدان مار لیا۔

تفصیل کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے سردار اکبر ڈوگر صدر لاہور ہائیکورٹ بار منتخب ہو گئے۔ سردار اکبر ڈوگر نے رانا اسد اللہ کو شکست دی۔ سردار اکبر ڈوگر نے 6 ہزار 581 ووٹ حاصل کیے۔ سہیل شفیق 4743 ووٹ لیکر نائب صدر اور رائے عثمان 4455 ووٹ لیکر سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ 

لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت آج صبح شروع ہوا اور شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ 4 نشستوں کے لئے 16 امیدوار مد مقابل تھے۔

لاہور ہائیکورٹ بار الیکشن کیلئے بائیو میٹرک سسٹم پر 23 ہزار 596 وکلاء ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ حامد خان اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدواروں میں سخت مقابلہ ہوا۔

صدارت کی نشست پر حامد خان گروپ کے رانا اسداللہ خان اورعاصمہ جہانگیر گروپ کے سردار اکبر علی ڈوگر کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوا۔ نائب صدارت کیلئے رانا محمد رزاق، میاں سردار علی ، سہیل شفیق چوہدری، عبد الکریم خان اور عدنان طاہر خان مدمقابل تھے۔ سیکرٹری کیلئے رائے عثمان احمد، میاں شبیر حسین، طاہر فاروق اللہ بخش لغاری اور میاں محمد عرفان میں مقابلہ ہوا۔ فنانس سیکرٹری کیلئے محمد شاہ رخ شہباز، رمضان منشا جٹ، علی اختر رانا، مس فلک ناز اور احسان اللہ خان مدمقابل تھے۔

 چیئرمین الیکشن بورڈ میاں عرفان اکرم ایڈووکیٹ نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی۔

ہائیکورٹ بار الیکشن میں ووٹنگ کے لیے 7 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے۔ 7 پولنگ بوتھ میں سے 1 پولنگ بوتھ خواتین کے لیے مختص کیا گیا۔