وفاق میں حکومت سازی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں تین بڑے پارٹنر مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ چیزیں طے ہونے کے بعد سامنے آ گئیں ہیں، کچھ ابھی سامنے نہیں آئیں، اس بار تو صرف تین جماعتیں ہیں، شہباز شریف نے 13 جماعتوں کا اتحاد بھی 16 ماہ چلایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاق اور پنجاب کی سطح پر تمام فیصلے نواز شریف کی رضامندی سے ہوئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک فتنہ ہے جو ملک کو کسی حادثے سے دوچار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بنانا چاہتی ہے تو بنا لے، ہم نے کب روکا ہے، لیکن پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ انہیں کسی سے بات ہی نہیں کرنی، نہ کسی کے ساتھ بیٹھنا ہے۔