آئندہ برس 8 فروری کو شیڈول انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔
کراچی سے لیکر خیبر تک سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور امیدوار آج شام ساڑھے 4 بجے تک کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔
آج نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ خرم دستگیر خان نے این اے 78 گوجرانوالہ کی نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے این اے 150 ملتان سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے، این اے 150سے زین قریشی اور مہربانو قریشی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ این اے 180 کوٹ ادو سے سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی کراچی سے این اے 249 کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات سے متعلق سماعت انتخابات کے بعد کی جائے گی، اس وقت درخواستوں پر سماعت کی تو الیکشن پروگرام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
خیال رہے کہ ہائیکورٹس نے حلقہ بندیوں کے 15 مقدمات الیکشن کمیشن واپس بھجوائے ہیں، سپریم کورٹ کی ہدایت ہے الیکشن کمیشن 30 نومبر کی حلقہ بندیوں پر الیکشن کرائے۔