لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مخالفین بھی جان چکے ہیں کہ وزیر اعظم (ن) لیگ سے ہوگا اور وہ نواز شریف ہوں گے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک اُس وقت چھوٹی اور طعنے کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا تھا، عوام جس کو ووٹ دیں گے وہ وزیر اعظم کی کرسی پر ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آصف علی زرداری کی بات سے اتفاق کرتی ہوں کہ ملک میں شفاف انتخابات ہوں گے، وہ شخص کیسے لاڈلا ہو سکتا ہے جسے 23 سال میں صرف ایک الیکشن لڑنے دیا گیا، کیا طعنے دینے سے عوام کو سستی روٹی مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ضرورت سے زیادہ نرم لہجہ اختیار نہیں کر رہے بلکہ یہ ذمہ دارانہ سیاست ہے، ہم نے 2022 میں ڈیفالٹ پاکستان کا اقتدار سنبھالا، ہم نے ملک کو سنبھالنے کیلیے اسمبلی میں قانون سازی کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو جتنے تحفے ملے وہ سامنے شو کیس میں پڑے ہیں، جو بات نواز شریف نے 2017 میں کی تھی کہ ووٹ کو عزت دو وزیر اعظم کو نہ نکالو، آج ان کا نعرہ ہمارے مخالفین بھی لگا رہے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے مسائل 2013 سے زیادہ ہیں، عوام کو جھوٹے خواب نہیں دکھائیں گے بلکہ سچ بات کریں گے۔