پنجاب میں اسموگ کے باعث گوجرانوالہ سمیت 5 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا ہے کہ 10 نومبر سے 12 نومبر تک گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، نارووال ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔
کمشنر کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام اسکول، دفاتر، مارکیٹیں، تفریحی مقامات ، شادی ہال،سنیماگھر بند رہیں گے جبکہ فصلوں کی باقیات ، کوڑا کرکٹ جلانے پر دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
کمشنر گوجرانوالہ نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ نقل ، حرکت کو محدود رکھیں۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے پہلے ہی اسموگ ایڈوائزری جاری کی ہوئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ ہفتےوسطی،جنوبی پنجاب میں اسموگ خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ گوجرانوالہ، ملتان،لاہور، بہاولپور،فیصل آباد میں اسموگ خطرناک حد تک جاسکتی ہے، سرگودھا،ڈی جی خان،ساہیوال ڈویژن بھی اسموگ کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب نگران پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ کے پیشِ نظر جمعے کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 10 نومبر جمعے کو لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع ، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور حافظ آباد کے اضلاع میں اسموگ کے پیشِ نظر چھٹی کا اعلان کیا تھا۔