پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے سے زائد اضافے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ردعمل میں کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہناتھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پٹرول کی قیمت 159 روپے سے زائد کرنے کا سہرا موجودہ حکومت کے سر ہے۔ ہر پندرہ دن بعد عوام کی جیب پر ڈاکا مارا جاتا ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سند یافتہ کرپٹ ترین حکومت نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ آخر کس ایجنڈے کے تحت عوام کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت غیر ملکی اداروں کو گروی رکھنے کے بعد یہ حکومت عوام کو کند چھری تلے رکھنا چاہتی ہے۔ اس حکومت نے پاکستان کے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ دی ہے