قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھنے کو ملک دشمنی قرار دے دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایسے خط وہ لکھ سکتے ہیں یہ ان کا وتیرہ ہے، کوئی اور سیاسی جماعت ایسا خط نہیں لکھ سکتی۔
اس کے علاوہ صدر ن لیگ اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو لکھا ہے کہ پاکستان کے ساتھ نیا پروگرام نہ کیا جائے، کسی کو کوئی شک نہیں رہنا چاہیے کہ یہ چاہتے ہیں، پاکستان مکمل طور پر تباہ ہو جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف 2 ہفتوں کے اندر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے، آئی ایم ایف پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے گڈ گورننس سے متعلق شرائط رکھے اور آئی ایم ایف پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے دیگر شرائط سامنے رکھے۔