لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین اسٹور ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد نے ملاقات کی جس میں ’شاپنگ فیسٹیول‘ کے انعقاد کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
لاہور میں چین اسٹورز کے اشتراک سے پہلا شاپنگ فیسٹیول منعقد ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو چین اسٹور ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد نے تجاویز اور سفارشات سے آگاہ کیا اور اسٹورز کے اوقات کار کیلیے سالانہ کیلنڈر بنانے کی تجویز پیش کی۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کو نئے انداز سے دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں، کاروباری برادری کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اور کاروبار کے فروغ کیلیے قابل عمل تجاویز پر ضرور عمل کیا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دل سے پاکستانی ہوں اور پاکستانی برانڈ استعمال کرتی ہوں، معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے بزنس فرینڈلی پالیسی بہت ضروری ہے، پنجاب کو تجارت اور صنعت کا حب بنانا میرا مشن ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہیلتھ سسٹم میں بنیادی اصلاحات کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے 10 روز کے اندر سمال ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم اصلاحات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
مریم نواز کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں فری میڈیسن کی فراہمی، ویئر ہاؤس پراجیکٹ، پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا اور ہیلتھ سسٹم میں بنیادی اصلاحات کیلیے اعلیٰ سطح وزراتی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔
وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ کیلیے درکار فنڈز کی فوری ریلیز اور چلڈرن ہارٹ سرجری کیلیے بیرون ملک سے سرجنز بلوانے کیلیے اقدامات کی ہدایت کی تھی جبکہ چلڈرن ہارٹ سرجری کیلیے پوسٹ گریجوایٹ کی ڈاکٹرز کی سیٹیں بڑھانے کیلیے اقدامات کا بھی حکم دیا تھا۔
انہوں نے مریضوں کو ادویات ہر صورت گھر تک پہنچانے کی ہدایت کی تھی، فری میڈیسن گھر گھر پہنچانے کیلیے کوریئر کمپنی کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا اور ہر بی ایچ یو میں ڈاکٹرز کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔