ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں ترکیہ کی طاقت اور وقار کو دنیا میں سراہا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر نے پاک بھارت جنگ بندی پر کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتا ہوں، ہم نے واضح طور پر پاکستان کے برادرعوام کو اپنی حمایت کا یقین دلایا، اپنے بھائی شہباز شریف سے جو ملاقات کی وہ بہت اہم تھی۔
ترک صدررجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ہم اچھے اور برے وقت میں برادرملک پاکستان کیساتھ کھڑے رہیں گے، ہم ہمیشہ امن، سفارت کاری اور بات چیت کےلیے تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایسا ماحول بنایا جاسکتا ہے جہاں ہر کوئی جیت جائے، پاک بھارت جنگی صورتحال میں ترکیہ کی طاقت اور وقار کو دنیا میں سراہا گیا۔
اس سے قبل ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا انھوں نے بھارتی حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، ترک قوم پاکستان کے سفارتی اقدامات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔