اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کا کھیل ختم ہوچکا اور اب انعامات تقسیم ہورہے ہیں جبکہ عدم اعتماد پر ابتدائی رابطے کامیاب ہوئے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ انتہا پسندی والی سوچ کو شکست ملنا چاہیے، توہین مذہب پرقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں، یہ ریاست کے اندر ریاست بننے والی بات ہے، ایسے موقع پر جذبات کے بجائے قانون کا راستہ اپنانا چاہیے۔
تحریک عدم اعتماد پر ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کی حلیف جماعتوں سے اپیل ہے کہ اب قوم پر رحم کریں، عدم اعتماد پر ابتدائی رابطے کامیاب ہوئے ہیں، عدم اعتماد کے بعد نئے وزیر اعظم کی جزیات طے کرنا ہیں۔
سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ بڑے بڑے گھپلے ہوئے ہیں اور تمغے دیے جارہے ہیں، پک اینڈ چوز ایک دکھاوا ہے،کھیل ختم ہوچکا، اب انعامات تقسیم ہورہے ہیں، بظاہر یہی اشارے مل رہے ہیں وہ کسی بھی دوست یا دشمن کو مطمئن نہیں کرسکے ہیں، انہوں نے اشارہ دے دیا ہے کہ ان کا کھیل ختم ہوچکا ہے، امپائر وہی ہوتا ہے جو نیوٹرل ہو۔
ان کا کہنا تھاکہ اس وقت موقع ہے کہ قوم کو ووٹ کی امانت واپس کریں، پیپلز پارٹی سے بھی رابطے ہیں، پیپلز پارٹی عدم اعتماد میں ساتھ دے گی، ہمیں ہوم ورک مکمل کرنا ہے، جلدی بازی نہیں کرنی، ہم ووٹ پورے کرلیں گے