شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں عشائیہ دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس دوران بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
عشائیے میں چین، روس، تاجکستان، کرغزستان، قازقستان، بیلا روس کے وزرائے اعظم اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ سمیت مہمان شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت پر خیرمقدم کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اورمقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مہمانوں نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پروزیراعظم کو مبارک باد دی۔
قبل ازیں اسلام آباد پہنچنے پر بھارتی وزیرخارجہ سمیت دیگر ملکوں کے وفود کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم سے تاجکستان اور قازقستان کے وزرائے اعظم اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی بھی ملاقاتیں ہوئیں جس میں فریقین نے مستقبل میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کل ایس سی او اجلاس سے افتتاحی خطاب کریں گے، اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی وثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا۔