وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 31دسمبر تک تمام اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے کا حکم دے دیا۔
مریم نواز شریف نے محفوظ پنجاب ویژن،پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کے لئے اپ گریڈڈ”وویمن سیفٹی ایپ“لانچ کرنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی وویمن سیفٹی ایپ 2ہفتے کے اندر فنکشنل کرنے کی ہدایت کردی۔ وویمن سیفٹی ایپ 43سروسز ایک کلک پر میسر ہوں گی۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی خواتین پولیس کمیونیکیشن آفیسر کے لئے ہاسٹل بنانے کا اعلان کردیا۔
جرائم کے بروقت سد باب کے لئے سیف سٹی کرائم سٹاپر ایپ، ٹرائل رن شروع کردیا گیا، سیف سٹی کرائم سٹاپر کے ذریعے دہشت گردی، زیادتی، منشیات، اسلحہ کی نمائش سمیت دیگر جرائم رپورٹ کئے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ ہیلمٹ،سیٹ بیلٹ اور اسلحے کی نمائش روکنے کے لئے آرٹیفشل انٹیلی جنس بیسڈ سافٹ وئیر تیار کرلیا گیا۔
مریم نواز کو بریفنگ دی گئی کہ سیف سٹی اتھارٹی کیمروں کے ذریعے تجاوزات کی نشاندہی بھی ممکن ہو گی، کیمروں سے ہسپتال،بس سٹینڈ،ائیرپورٹ،ریلوے سٹیشن، شاپنگ مال کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیف سٹی اتھارٹی ڈیٹا سنٹر اور ڈیجیٹل وال کا معائنہ کیا، اس کے علاوہ انہوں نے 15کال سنٹر کابھی دورہ کیا،مریم نواز شریف نے 15پر کال کرکے پولیس رسپانس اور ٹائم چیک کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیڈی پولیس کمیونیکیشن آفیسر کو دیکھ کر اظہار مسرت کیا، ساتھ ہی لیڈی پولیس کمیونیکیشن آفیسر زسے ڈیسک پرجا کر بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیف سٹی مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا، انہوں نے تونسہ کی فیکٹر ی میں چوری کی کال پر رسپانس کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ سابق سینیٹرپرویز رشید،ارکان اسمبلی مریم اورنگزیب،عظمی بخاری، بلال کیانی،ثانیہ عاشق،چیئرمین پی اینڈ ڈی،آئی جی پنجاب،سی سی پی او اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔