صدر زرداری کا معاشی خودمختاری اور زرعی اصلاحات پر زور

صدر زرداری کا معاشی خودمختاری اور زرعی اصلاحات پر زور

مورو: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام اور ترقی کے لیے تمام اداروں، بشمول اسٹیبلشمنٹ، کو مضبوط بنانا ضروری ہے، جبکہ معاشی خودمختاری اور زرعی شعبے کی جدید خطوط پر بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مورو میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ عوام کو معاشی طور پر مستحکم کرنا اور زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ دینا ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مبینہ مظالم کو عالمی سطح پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ مختصر کشیدگی کے دوران بھرپور جواب دیا، جس میں طیارے گرانے کا واقعہ بھی شامل تھا، اور اس سے بھارت کو اپنی حقیقت کا اندازہ ہوگیا۔

صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر حکمرانی اور ریاستی اداروں کا استحکام ملک کے بڑے چیلنجز ہیں، لہٰذا قومی یکجہتی کے ذریعے اداروں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

بعد ازاں صدر مملکت نے سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی رہائش گاہ پر مقامی عمائدین اور منتخب نمائندوں سے ملاقات بھی کی۔