کراچی: حکومتِ سندھ نے معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کی سہولت کے لیے ایک بڑا اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں کاروباری مراکز پر لگی اوقاتِ کار کی تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اس فیصلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر کی دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو اوقات کی بندش سے مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔ اب تمام کاروباری مراکز کسی بھی قسم کی پابندی کے بغیر معمول کے مطابق اپنے اوقاتِ کار جاری رکھ سکیں گے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن کا مزید کہنا تھاحکومتِ سندھ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہریوں کی سہولت اور ملکی معیشت کے استحکام پر کامل یقین رکھتی ہے۔ یہ فیصلہ تاجر برادری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ معاشی پہیہ تیزی سے چل سکے۔
حکومت کے اس اقدام کا تاجر برادری اور کاروباری حلقوں کی جانب سے بھرپور خیرمقدم کیا جا رہا ہے، جن کا مؤقف ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف کاروبار چمکیں گے بلکہ شہریوں کو بھی خریداری میں بڑی سہولت ملے گی۔