واہگہ بارڈر پر معرکہ حق بنیانِ مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر عظیم الشان تقریب

واہگہ بارڈر پر معرکہ حق بنیانِ مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر عظیم الشان تقریب

سفیرِ امن علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری کا خطاب؛ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم کو زبردست ٹریبیوٹ

لاہور : واہگہ بارڈر لاہور پر “معرکہ حق بنیانِ مرصوص” کا ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک پروقار اور عظیم الشان تقریب و ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے سفیرِ امن ڈاکٹر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری (امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان) نے خصوصی خطاب کیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کروائی۔
اپنے خطاب میں علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ “بنیانِ مرصوص” دراصل قومی یکجہتی اور ریاستی اداروں کے ساتھ مضبوط وابستگی کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے باطل قوتوں کا غرور خاک میں مل گیا اور پاکستان کو وہ کامیابیاں نصیب ہوئیں جو “معرکہ حق بنیانِ مرصوص” کی واضح دلیل ہیں۔
علامہ بخاری نے اپنے خطاب میں خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کی دانشمندانہ حکمت عملی کو سراہا۔ انہوں نے کہا  قیادت کی بروقت اور بہتر پالیسیوں نے ملک کو مشکل چیلنجز سے نکالا ہے۔ ہم افواجِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، ان کا لہو ہماری آزادی کی ضمانت ہے۔
تقریب کی خاص بات تمام مذاہب اور مکاتبِ فکر کی قیادت کی بھرپور شرکت تھی۔ علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں نے پاک فوج کے جوانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر ایک شاندار پریڈ کا بھی انعقاد کیا گیا جس نے شرکاء کے لہو کو گرما دیا۔ فضا “افواجِ پاکستان زندہ باد” اور “سپہ سالار قدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں” کے نعروں سے گونجتی رہی۔
تقریب میں بریگیڈیئر نیئر، کرنل سکندر، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، صوبائی وزیر رانا سکندر حیات، سردار رمیش سنگھ اروڑا، حافظ اسعد عبید، مفتی انتخاب احمد، ڈاکٹر سید اسامہ بخاری، علامہ رائے ظفر، ڈاکٹر مجید ایبل اور پنڈت بھگت لال سمیت اراکینِ اسمبلی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے ملک کی سلامتی، استحکام، اتحادِ امت اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے رقت آمیز اجتماعی دعا کروائی۔