81 شخصیات کو ستارہ امتیاز صدارتی حسن کارکردگی اور

81 شخصیات کو ستارہ امتیاز صدارتی حسن کارکردگی اور

لاہور:گورنر ہاؤس لاہور میں مختلف شعبہ جات میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والے افراد کے اعزاز میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ اعزازات منعقد ہوئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدرِ مملکت کی جانب سے 81 شخصیات کو ستارہ امتیاز، صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی، تمغہ شجاعت اور تمغہ امتیاز سے نوازا۔
شعبہ فن و ثقافت میں گرانقدر خدمات پر نامور اداکارہ ثمینہ پیرزادہ، سینئر اداکار عرفان کھوسٹ، اور عذرا آفتاب کو ستارہ امتیاز عطا کیا گیا۔ موسیقی کے میدان میں حدیقہ کیانی، حمیرا ارشد اور سائرہ نسیم جبکہ فنون لطیفہ میں سلیمہ ہاشمی کو اس اعلیٰ اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ ادب اور کھیل میں نمایاں کارکردگی پر شاعر نصیر احمد ناصر، ادبی سکالر رضا اللہ شاہ عارف نوشاہی، سید مسعود حسن شہاب (بعد از وفات) اور پیرا ایتھلیٹ حیدر علی کو ستارہ امتیاز دیا گیا۔
صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات پر محمد ارشد انصاری اور بینش سلیم کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ دیگر وصول کنندگان میں سارا بلال، ڈاکٹر عارفہ سیدہ (بعد از وفات)، انور حسین، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک، مریم جلال چوہدری اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خان شامل ہیں۔
تعلیمی اور تحقیقی میدان میں پروفیسر ڈاکٹر رافعہ ممتاز اور پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی عطا کیا گیا۔ اسی زمرے میں محمد اعظم خان (موسیقی)، ذوالقرنین حیدر (اداکاری)، رجب علی (گلوکاری)، اختر محمود (ادب) اور تجمل کلیم (بعد از وفات) کو بھی نوازا گیا۔
وطن کے لیے بہادری دکھانے والوں کی پذیرائی کرتے ہوئے عیسیٰ خان، محمد نعیم اختر (بعد از وفات) اور عدنان فاروق قریشی شہید کو تمغہ شجاعت جبکہ میجر ڈاکٹر سلمیٰ ضمیر خان کو صدارتی اعزاز تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔تقریب میں بین الاقوامی سفارتکاروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں چین، امریکہ، ایران اور ترکیہ کے قونصل جنرلز کے علاوہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اقبال چنڑ، علی حیدر گیلانی اور شہزاد سعید چیمہ شامل تھے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اعزازات ان شخصیات کی انتھک محنت اور ملک و قوم کے لیے دی گئی قربانیوں کا اعتراف ہیں۔ انہوں نے تمام اعزاز یافتگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو رول ماڈل قرار دیا۔