کراچی : سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری نے صوبائی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ایک بڑا فیصلہ سناتے ہوئے مختلف سرکاری محکموں کی 60 فیصد گاڑیاں فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے مطابق، حکومت نے مجموعی طور پر 47 سے زائد محکموں کی گاڑیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق ان محکموں کے پاس کل 2 ہزار 837 گاڑیاں موجود تھیں۔ کمیٹی کے فیصلے کے بعد ان میں سے 1 ہزار 524 گاڑیاں واپس لے کر گراؤنڈ کر دی گئی ہیں۔ اب صرف 1 ہزار 313 گاڑیاں ہی ضروری دفتری امور کے لیے استعمال کی جا سکیں گی۔
کفایت شعاری کی اس مہم کی زد میں صوبے کے بڑے اور اہم محکمے بھی آئے ہیں، جن میں محکمہ صحت اور محکمہ خزانہ، اسکول ایجوکیشن اور محکمہ توانائی (انرجی)، اینٹی کرپشن اور دیگر انتظامی دفاتر شامل ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد پیٹرول، مرمت اور دیکھ بھال کی مد میں ہونے والے کروڑوں روپے کے اخراجات کو بچانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر ضروری پروٹوکول اور گاڑیوں کے بے جا استعمال کو روک کر یہ رقم عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔