28ویں ترمیم پر وفاق نے کوئی رابطہ نہیں کیا گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا: سینئر صوبائی

28ویں ترمیم پر وفاق نے کوئی رابطہ نہیں کیا گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا: سینئر صوبائی

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے وفاقی حکومت نے ابھی تک پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے کوئی باقاعدہ رابطہ نہیں کیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی یہ ترمیم سامنے آئی، پیپلز پارٹی اپنی قیادت اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی جتنی ترامیم ہوئیں، ان کے لیے پیپلز پارٹی سے باقاعدہ رابطہ کیا گیا تھا، جبکہ وفاق نے ہمیشہ سندھ حکومت کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔

صوبائی کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ سے باہر گندم کی منتقلی پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صوبے کی حدود سے گندم باہر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی گندم کا ناجائز ذخیرہ کیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے سندھ حکومت کے فلاحی و طبی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ صوبے میں بچوں کی ذہنی و نفسیاتی صحت کے لیے ‘اسٹیٹ آف دی آرٹ’ آٹزم سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، جو ملک بھر میں اپنی نوعیت کے منفرد اور جدید ترین مراکز ہیں۔