کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر صوبے کے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت سندھ ہر مستحق موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 2 ہزار روپے کی فیول سبسڈی فراہم کرے گی۔
سبسڈی کی رقم موٹر سائیکل مالک کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ بینک اکاؤنٹ کی تصدیق ہوتے ہی رقم فوری جاری کر دی جائے گی۔ سبسڈی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ موٹر سائیکل قانونی طور پر شہری کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے موٹر سائیکل مالکان کی سہولت کے لیے رجسٹریشن فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔