گندم فروخت کی حد ختم چھوٹے کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری

گندم فروخت کی حد ختم چھوٹے کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حکومت کی جانب سے گندم کی فروخت پر عائد ہر قسم کی حد ختم کرنے کے فیصلے کو ایک “احسن اقدام” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے چھوٹے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
شرجیل میمن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اب صوبے بھر کے کاشتکار اپنی گندم بغیر کسی رکاوٹ کے سرکاری خریداری مراکز پر فروخت کر سکیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد کسانوں کو مڈل مین کے استحصال سے بچانا اور انہیں ان کی محنت کا پورا صلہ فراہم کرنا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے حالیہ اقدامات کی تفصیلات درج ذیل ہیں.  گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔ رواں سیزن کے لیے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف رکھا گیا ہے۔کوٹہ سسٹم کے خاتمے سے چھوٹے ہاریوں کو اپنی فصل فروخت کرنے میں ترجیح ملے گی۔
سینئر وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے گندم کی خریداری کے بدلے کسانوں کو بروقت ادائیگیوں کا نظام وضع کیا ہے، جس سے ہاریوں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ سندھ حکومت کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی اور زراعت کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔