کراچی: سندھ حکومت نے شہرِ قائد کے شہریوں کو سستی اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کل سے الیکٹرک بس (EV) کے نئے روٹ کا اعلان کر دیا ہے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق، ماحول دوست ای وی بسوں کا نیا روٹ گلشنِ معمار سے ٹاور تک کل سے فعال کر دیا جائے گا۔ اس نئے روٹ کے آغاز سے گلشنِ معمار، سرجانی ٹاؤن اور ان کے گردونواح کے علاقوں میں رہنے والے لاکھوں شہریوں کو شہر کے وسطی علاقوں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ یہ بسیں نہ صرف جدید سہولیات سے آراستہ ہیں بلکہ عام آدمی کی جیب پر بوجھ بھی نہیں ڈالیں گی۔الیکٹرک بسیں فضائی آلودگی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی، جو کہ کراچی جیسے بڑے شہر کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں مزید نئے روٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہ نئی بسیں اسی وژن کا حصہ ہیں۔