کراچی: کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انسدادِ منشیات کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ‘کوکین کوئین’ کے بعد اب ‘آئس کوئین’ کو بھی اس کے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چند روز قبل کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک حساس کارروائی کے دوران فوزیہ بلوچ نامی خاتون کو گرفتار کیا، جو شہر میں ‘آئس کوئین’ کے نام سے جانی جاتی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمہ کے دو مبینہ ساتھیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
انٹروگیشن ٹیم (تفتیشی حکام) کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی پوچھ گچھ میں ایک بڑے بین الصوبائی منشیات سپلائی نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق، آئس اور ہیروئن کی یہ کھیپ پہلے پشاور سے اسلام آباد منتقل کی جاتی تھی۔
دورانِ تفتیش ملزمہ فوزیہ بلوچ نے اعتراف کیا ہے کہ اسلام آباد پہنچانے کے بعد اس منشیات کو سندھ کے مختلف شہروں بشمول ٹنڈو محمد جام، حیدرآباد اور کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر سپلائی کیا جاتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔