کراچی، عید کے پہلے دن 9 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں منتقل، جو کہا تھا کر کے دکھا رہے ہیں :ایم ڈی سالڈ ویسٹ

کراچی، عید کے پہلے دن 9 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں منتقل، جو کہا تھا کر کے دکھا رہے ہیں :ایم ڈی سالڈ ویسٹ

کراچی : سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں جاری صفائی مہم کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے اپنے وعدے کو پورا کر رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عید کے پہلے دن ہی عملے نے تندہی سے کام کرتے ہوئے شہر بھر سے 9,293 ٹن آلائشیں اٹھائیں، جبکہ اس کے ساتھ 11,466 ٹن معمول کا کچرا بھی ٹھکانے لگایا گیا۔ طارق علی نظامانی کا کہنا تھا کہ یہ کارکردگی ظاہر کرتی ہے کہ پورا ادارہ فیلڈ میں متحرک ہے اور شہریوں کو صورتحال سے مسلسل باخبر رکھا جا رہا ہے۔
    ریکارڈ منتقلی: پہلے ہی دن مجموعی طور پر 20,759 ٹن آلائشیں اور کچرا شہر سے ہٹایا گیا۔شہر کے تمام حصوں میں گاڑیاں اور عملہ موجود ہے تاکہ آلائشوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔ طارق علی نظامانی  نے کہا کہ  “جو کہا تھا، کر کے دکھا رہے ہیں۔ ہمارا عملہ دن رات شہر کی صفائی کے لیے کوشاں ہے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے اس بڑے آپریشن کو برقرار رکھنے کے لیے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ آلائشیں سڑکوں یا گلیوں میں پھینکنے کے بجائے صرف مقررہ مقامات پر رکھی جائیں یا وہاں موجود عملے کے حوالے کی جائیں تاکہ شہر کو صاف اور صحت مند رکھا جا سکے۔