کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ڈالر کا ریٹ بڑھنے کی وجہ سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے ترقیاتی کاموں پر گہرا اثر پڑا ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت سندھ عوامی فلاح کے منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر رہی اور شاہراہِ بھٹو کا منصوبہ پورے صوبے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
اسمبلی فلور پر بی آر ٹی (BRT) منصوبے کی تفصیلات اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبائی وزیر نے ایوان کو مطلع کیا کہ اس بڑے منصوبے میں کثیر ملکی اور معاشی عوامل شامل ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا “ہمارے لیے صرف بسیں خرید کر سڑکوں پر چلانا بہت آسان تھا، لیکن ہم عارضی اقدامات کے بجائے مستقل حل چاہتے ہیں۔ بی آر ٹی کا یہ عظیم الشان منصوبہ آئندہ نسل کے بہترین مستقبل کے لیے بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ بی آر ٹی منصوبے میں پہلے بہت سے تکنیکی اور مالیاتی ایشوز تھے، تاہم اس منصوبے کی طوالت میں سندھ حکومت کی کوئی سستی یا کوتاہی شامل نہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر معاشی اور انتظامی مشکلات کے باوجود ہماری پوری کوشش ہے کہ اس فلیگ شپ منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کر کے عوام کے حوالے کیا جائے تاکہ شہریوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات میسر آ سکیں۔