اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم چوہدری فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ اس اہم ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، خطے کے انتظامی امور اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کو گڈ گورننس کے قیام اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے خصوصی ہدایات دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نچلی سطح پر عوام کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط کرے تاکہ شہریوں کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور خطے کے عوام کی خوشحالی پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسلسل اعتماد اور رہنمائی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین کو خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات پر بریفنگ دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔