لاہور :سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپریل 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کے قیام کے ساتھ ہی پاکستان کی تقدیر بدلنے کا سفر شروع ہوا، جس نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور عسکری قیادت کے انتخاب کو ملک کی بقا کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ جب شہباز شریف نے اقتدار سنبھالا تو ملک شدید معاشی و سیاسی بحرانوں کی زد میں تھا، لیکن وزیراعظم نے اپنی انتھک محنت اور بہتر حکمت عملی سے ملک کو ان تمام مشکلات سے نکال باہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کا سال ملکی تاریخ میں ایک اہم موڑ تھا جہاں سے تعمیرِ نو کا آغاز ہوا۔
آرمی چیف کی تعیناتی پر بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف لگانا میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا ایک انتہائی دوراندیش اور تاریخی فیصلہ تھا۔”اس فیصلے کے مثبت نتائج آج ملک میں امن و امان اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی صورت میں نظر آ رہے ہیں۔سردار ایاز صادق نے پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بتایا کہ حکومت نے پورے صوبے میں عوامی فلاح کے منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے۔
صرف ان کے اپنے حلقہ انتخاب میں اس وقت 38 ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، جن کی تکمیل سے عوام کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔