پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ٹارگٹڈ سبسڈی سے متوازن کر دیا مریم اورنگزیب

پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ٹارگٹڈ سبسڈی سے متوازن کر دیا مریم اورنگزیب

لاہور: پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باوجود حکومت نے عوام کو بڑے بوجھ سے بچانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی فِسکل مینجمنٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم اورنگزیب نے وضاحت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی حالات کے تناظر میں ناگزیر ہو چکا تھا، تاہم حکومت نے اسے عوامی مفاد میں متوازن بنایا۔    عوامی تحفظ: قیمتوں کا پورا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے اسے کنٹرول کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک ماہ تک عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام تک نہیں پہنچنے دیا، جو بہترین معاشی نظم و ضبط کی مثال ہے۔سینئر وزیر نے عوام کو امید دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت کا عزم واضح ہے   جیسے جیسے عالمی حالات میں بہتری آئے گی، ہم اسی عزم اور حکمتِ عملی کے ساتھ عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کریں گے۔ موجودہ فیصلے مشکل ضرور ہیں لیکن یہ ذمہ دارانہ قیادت کی نشانی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں وزیراعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا     عالمی منڈی کے دباؤ کے باوجود قیمتوں کو ایک ماہ تک مستحکم رکھنا معمولی بات نہیں۔ موجودہ معاشی چیلنجز کے باوجود عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات کا مظہر ہے۔