پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی عالمی سرٹیفیکیشن حاصل کر لی

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی عالمی سرٹیفیکیشن حاصل کر لی

لاہور :پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے پبلک سیکٹر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) بیسڈ مینجمنٹ سسٹم کی عالمی سرٹیفیکیشن حاصل کر کے ملک کا پہلا ادارہ ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جس کے بعد یہ جنوبی ایشیا سمیت دنیا کے چند نمایاں ترین پبلک سیکٹر اداروں میں شامل ہو گیا ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ادارے نے بیرونی کمپنیوں پر انحصار ختم کرتے ہوئے اپنا مکمل ‘ان ہاؤس’ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم تیار کیا ہے۔ عالمی ادارے ‘ایس جی ایس’ (SGS) کے بین الاقوامی ماہرین نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز، آپریشنل یونٹس اور اے آئی انفراسٹرکچر کے تفصیلی آڈٹ کے بعد ادارے کے گورننس اور آپریشنل میکنزم کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیا ہے۔
سیف سٹی کے 12 اے آئی سسٹمز، جن میں اسمارٹ ویژن، فیشل ریکگنیشن (چہروں کی شناخت)، اے این پی آر (گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی شناخت)، انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ، کرائم اینالیٹکس اور اے آئی بیسڈ گورننس مانیٹرنگ شامل ہیں، عالمی اے آئی لائف سائیکل معیار پر پورا اترے ہیں۔ یہ سسٹمز صوبہ بھر میں 24 ہزار سے زائد کیمروں کے نیٹ ورک سے منسلک ہیں۔
اس تاریخی کامیابی کے بعد پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پاکستان کے پبلک سیکٹر کا واحد ادارہ بن گیا ہے جس کے پاس ISO 27001 اور ISO 42001 دونوں عالمی سرٹیفیکیشنز موجود ہیں، جسے ملک میں اسمارٹ پولیسنگ اور ڈیجیٹل گورننس کے لیے ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔