لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو ‘آپریشن بنیان مرصوص’ جیسی عظیم کامیابیاں ملتی ہیں۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عالمی و داخلی امور پر گفتگو کی اور طالبات کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم نصائح کیں۔
وزیراعلیٰ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور حالیہ عالمی تنازعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا پاکستان آج دنیا کے بڑے ممالک کے درمیان مصالحت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ جاری رہتی تو یہ تیسری جنگ عظیم کی صورت اختیار کر جاتی، اس جنگ کو رکوانے میں پاکستان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگر حکومت بروقت سخت فیصلے اور اقدامات نہ کرتی تو آج ملک بھر میں پٹرول اور بجلی کا شدید بحران ہوتا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ “مجھے اندازہ ہے کہ تیل کی قیمتیں بڑھنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، لیکن یہ اقدامات ملک کو بڑے بحران سے بچانے کے لیے ناگزیر تھے۔
وزیراعلیٰ نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب کسی سے نہیں ڈرتیں۔ ان کا کہنا تھا “میں مخالفین کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے مشکلات کی بھٹی سے گزارا، اب میں کندن بن چکی ہوں۔
انہوں نے نوجوان نسل کو نصیحت کی کہ اگر کبھی کوئی ملک کے خلاف اکسائے تو اس کی باتوں پر ہرگز دھیان نہ دیں۔خواتین کے حقوق اور تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے مریم نواز نے اعلان کیا پنجاب کو خواتین کے لیے پاکستان کا سب سے محفوظ صوبہ بنانا چاہتی ہوں۔ آن لائن ہراسمنٹ کے خلاف ایک مکمل اور جدید سسٹم تیار کیا جا رہا ہے جسے بہت جلد لانچ کر دیا جائے گا۔