وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کی اسرائیلی بربریت کی مذمت

وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کی اسرائیلی بربریت کی مذمت

– Advertisement –

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے ہفتہ کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی اور سفاکانہ طرز عمل کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل آج دنیا میں تنہا کھڑا ہے جبکہ نیتن یاہو نے خود کو ایک بے رحم اور جابر شخصیت ثابت کیا ہے جس نے معصوم بچوں اور نہتے شہریوں پر بمباری کرکے انسانیت کو شرمسار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت افسوسناک ہے اور قطر ایک ہی سال میں اس طرح کے حملوں کا سامنا کرنے والا 5 واں اسلامی ملک ہے جو پوری امت مسلمہ اور عرب ممالک کے لیے تشویشناک صورتحال ہے۔

ایکس پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغام میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک مسلم ممالک تقسیم رہیں گے ہر ایک بالآخر نشانہ بن سکتا ہے تاہم اگر مسلم ریاستیں متحد ہو جائیں تو مستقبل میں اسرائیل کبھی بھی ایسے مظالم کی جرات نہیں کرے گا۔انہوں نے یورپی ممالک کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بروقت اور مناسب ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے جرات مندانہ مؤقف پیش کرتے ہوئے عالمی برادری کے ضمیر کو جگا دیا۔

– Advertisement –

عبدالعلیم خان نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل کی طرف سے معصوم جانوں کا قتل اور شہری آبادی کو جان بوجھ کر بھوکا مارنا سراسر دہشت گردی کے مترادف ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل انسانیت کا دشمن اور دہشت گرد ملک بن چکا ہے اور اس کے ہاتھ معصوم فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کبھی بھی اسرائیلی بربریت یا دہشت گردی کو قبول نہیں کرے گا۔

 

– Advertisement –