وفاقی فیصلوں کی مکمل حمایت کابینہ کی 3 ماہ کی تنخواہ نہ

وفاقی فیصلوں کی مکمل حمایت کابینہ کی 3 ماہ کی تنخواہ نہ

کراچی : خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی اور انتہائی کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے قومی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے بڑے اور غیر معمولی فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سندھ حکومت وفاقی حکومت کے ہر فیصلے پر لبیک کہے گی۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ ملک کی سلامتی سب سے مقدم ہے ۔ اگر وفاقی حکومت موجودہ حالات کے تناظر میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتی ہے، تو سندھ حکومت اس پر فوری اور سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال تقاضا کرتی ہے کہ تمام صوبے وفاق کے ساتھ مل کر ایک مضبوط دیوار ثابت ہوں۔
صوبائی وزیر نے سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے ہنگامی فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ  معاشی دباؤ کو کم کرنے اور ایثار کا نمونہ پیش کرنے کے لیے سندھ کابینہ کے تمام اراکین نے تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ توانائی کی بچت اور ٹریفک کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے جمعے کے روز سرکاری دفاتر میں “ورک فرام ہوم” (گھر سے کام) کی پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سیاست چمکانے کا وقت نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کا وقت ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے ان اقدامات کا مقصد وفاق کے ہاتھ مضبوط کرنا اور عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ قیادت مشکل حالات میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔