لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم کے کاشتکاروں کے لیے ایک بڑے اور تاریخی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہیں اور زراعت کی ترقی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ نے گندم کاشت کرنے والے کسانوں کی مالی معاونت کے لیے درج ذیل مراعات کا اعلان کیا ہے۔ 25 ایکڑ تک اراضی کے مالک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکار اس اسکیم سے مستفید ہوں گے۔ ہر ایک ایکڑ کے لیے 10 لٹر ڈیزل پر 150 روپے فی لٹر کی خطیر سبسڈی دی جائے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ سبسڈی کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے اس نظام کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا ہمارے کسان پنجاب کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ میرا مشن ہے اور میں ان کی محنت کا صلہ دینے کے لیے پرعزم ہوں۔
پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کے بحران کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی مہنگائی کے اثرات سے کسانوں کو بچانے کے لیے حکومت نے ڈیزل پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ گندم کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے اور کسان خوشحال ہو سکے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کر رہی ہے تاکہ صوبے میں خوراک کے تحفظ (Food Security) کو یقینی بنایا جا سکے اور کسانوں کو ان کی فصل کا پورا معاوضہ مل سکے۔