لاہور : وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ بندی کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی امن کی تاریخ کا ایک بڑا معجزہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس عظیم کامیابی کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کے سر باندھا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مخلصانہ اور بے مثال کاوشوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے سے واپس موڑ لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے امن کے قیام کے لیے پاکستان کو چنا ہے، جس پر ہم جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں نے اس ناممکن مشن کو ممکن کر دکھایا جس کی دنیا بھر میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے امریکا، ایران اور تمام اسلامی ممالک کی قیادت کو مبارکباد پیش کی جن کے تعاون سے اربوں انسانوں کو جنگ کی ہولناکیوں سے نجات ملی اور امن نصیب ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیابی سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا سب سے بڑا ضامن ہے۔