وزیراعلیٰ پنجاب نے چاند رات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب نے چاند رات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت دے دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے بس سٹینڈز، ویگن اڈوں، تجارتی مراکز اور بازاروں میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

چاند رات پر اضافی نفری تعینات کرنے، خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ویمن پولیس سکواڈ کی خصوصی گشت یقینی بنانے، اور بازاروں کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں اور نائٹ وژن دوربینوں کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید براں، سڑکوں پر ون ویلنگ روکنے، اے ٹی ایمز اور بینکوں کے اطراف سکیورٹی بڑھانے اور بس سٹینڈز و ویگن اڈوں پر مسلسل مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایوں کی شفافیت کے لیے بسوں اور ویگنز کی ونڈ سکرین پر مقررہ کرایہ نامہ آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا۔