وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی تشکیل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی تشکیل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے 11 رکنی پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کریں گی جبکہ سیکرٹری فنانس کمیٹی کے سیکرٹری مقرر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کا کام صوبے کے اضلاع میں صنعتی اور اقتصادی مواقع کی نشاندہی کرنا، انڈسٹری کلسٹرز بنانے کے لیے سیکٹرز کی ترجیحات کا تعین، اور قلیل و طویل المدتی منصوبے تیار کرنا ہوگا۔ کمیٹی پرائیویٹ سیکٹرز اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد عملی منصوبے بھی ترتیب دے گی۔

کمیٹی کی دیگر ذمہ داریوں میں متعلقہ صنعتوں کے لیے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، مقامی مصنوعات کو عالمی ویلیو چین سے منسلک کرنا، اور پائیدار اقتصادی ماحولیاتی نظام کی تشکیل شامل ہے۔

 اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی اکنامک گروتھ کے لئے پائیدار ایکو سسٹم کی تشکیل پر بھی کام کرے گی، ساہیوال میں ڈیری پروڈکٹ، لاہور آئی ٹی سافٹ ویئر، گارمنٹ سٹی، میٹ اور لیدر، فیصل آباد میں ٹیکنیکل ٹیکسٹائل، فرنیچر سٹی، ڈیری پراسیسنگ اور گوجرانوالہ میں سرجیکل، سپورٹس، گجرات میں فین، رائس ایکسپورٹ اور اپلائنیسس کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
کمیٹی کا مقصد صوبے میں صنعتی ترقی، نوکریوں کے مواقع اور بین الاقوامی مارکیٹ میں پنجاب کی مصنوعات کی پوزیشن مضبوط کرنا ہے۔