لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی کڈنی ڈے کے موقع پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 85 کروڑ سے زائد افراد گردے کے امراض میں مبتلا ہیں، جو تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے گردے عطیہ کرنے والے افراد کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ بنیادی نگہداشت فراہم کرنے والے معالجین کی حوصلہ افزائی اور مدد کی جانی چاہیے۔
مریم نواز شریف نے عوام کو بتایا کہ صاف پانی پینا، ورزش کرنا اور صحت مند خوراک اختیار کرنا گردے کے امراض کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ کڈنی ڈے صحت مند طرز زندگی، متوازن غذا اور گردوں کی باقاعدہ جانچ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتا ہے اور گردوں کی پیچیدگیوں کے علاج کے بارے میں معلومات بھی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں گردوں کے مریضوں کے لیے مفت علاج کی سہولیات دستیاب ہیں، اور پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے ٹرانسپلانٹ کارڈ جاری کیا گیا ہے۔ ڈائیلسز کے مریضوں کے لیے سالانہ علاج کی حد 10 لاکھ روپے تک بڑھا دی گئی ہے، جس سے ہزاروں مریض فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلسز سروسز کو نجی شعبے کے تعاون سے بہتر بنایا جا رہا ہے، جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے اور مریضوں کو مالی بوجھ سے آزاد کرنے کے لیے فری ڈائیلسز پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات صحت مند اور بھرپور زندگی کے فروغ کے لیے بہت اہم ہیں۔