لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک بڑے قدم کا افتتاح کرتے ہوئے محنت کشوں میں رہائشی فلیٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر دیے ہیں۔ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت غریب طبقے کو ان کی اپنی چھت فراہم کرنے کے مشن پر تیزی سے عمل پیرا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 720 رہائشی فلیٹس مستحق مزدوروں کو بالکل مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر فلیٹ کی تعمیر پر 35 لاکھ روپے لاگت آئی ہے جو حکومت برداشت کر رہی ہے۔ ٹیکسلا میں مزید 500 گھر تکمیل کے قریب ہیں جنہیں جلد الاٹ کر دیا جائے گا۔
مریم نواز نے تقریب کو بتایا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت حکومت نے ریکارڈ مدت میں سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ محض 15 ماہ کے دوران ایک لاکھ خاندان اپنے گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب کے لیے گھر بنانا ناممکن ہو چکا تھا، جسے پنجاب حکومت نے ممکن کر دکھایا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزدوروں کی سماجی حفاظت کے حوالے سے دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا ۔ مزدور طبقے کو 40 ارب روپے کی خطیر رقم سے راشن کارڈز کے ذریعے امداد دی گئی۔ صفائی کے اس منصوبے کو عالمی ماڈل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا دائرہ کار اب پورے صوبے تک پھیلا دیا گیا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر مریم نواز نے الاٹمنٹ لیٹرز پانے والے مزدوروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنا گھر اللہ کی بڑی نعمت ہے اور حکومت محنت کشوں کے مسائل کے حل اور ان کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔