وزیراعلیٰ سندھ کی کڑی نگرانی؛ شاہراہِ بھٹو پر ترقیاتی کام ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا الٹی میٹم

وزیراعلیٰ سندھ کی کڑی نگرانی؛ شاہراہِ بھٹو پر ترقیاتی کام ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا الٹی میٹم

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے کے سخت احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ نے شاہراہِ بھٹو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شاہ فیصل انٹر چینج سے لے کر کاٹھوڑ تک کے طویل ٹریک پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
مراد علی شاہ نے ڈم لوٹی انٹر چینج پر کام کی صورتحال کا معائنہ کرنے کے بعد حکام کو ہدایت کی کہ یہاں جاری تمام ترقیاتی کام ایک ہفتے کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت میسر آ سکے۔
اس دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے بڑے ٹرانسپورٹ منصوبے بی آر ٹی ریڈ لائن کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا مشاہدہ کیا اور متعلقہ انجینئرز کو معیار اور وقت کی پابندی برقرار رکھنے کی تاکید کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔